وقاص احمد: اچھرہ کے علاقے میں ماں کے ہاتھوں معصوم بچوں کے قتل کے لرزہ خیز واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جنہوں نے اس سانحے کو مزید افسوسناک بنا دیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ گزشتہ کئی روز سے بچوں کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔ واردات کے وقت خاتون نے گھر میں ٹی وی کی آواز بلند کر دی تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے پہلے 5 سالہ بیٹی اور 4 سالہ بیٹے کو باری باری دوسرے کمرے میں بلا کر قتل کیا، جبکہ ڈیڑھ سالہ بچی کو نیند کی حالت میں نشانہ بنایا گیا۔
تحقیقات کے مطابق خاتون نے واقعے کے بعد بچوں کے ہاتھوں میں چھری پکڑا کر حقائق چھپانے کی کوشش کی اور آلہ قتل کو دوسری جگہ چھپا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واردات کے بعد خاتون کچن اور واش روم گئی، جہاں اس نے منہ ہاتھ دھویا اور پھر گھر سے باہر نکل گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔