علی ساحی : قتل ، ڈکیتی اور اغواء میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی کردی گئی۔ بیرون ملک فرار ہونے والا ایک اور اشتہاری وطن واپسی پر گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے مقدمے میں ملوث خطرناک اشتہاری شعیب امجد بیرون ملک سے وطن واپس آ رہا تھا۔ پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے ملزم کا نام پرویزنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل کروایا تھا ۔ ائیر پورٹ پر ریکارڈ چیکنگ کے دوران نشاندہی ہونے پر ملزم گرفتار ہوا، مزید کاروائی کیلئے منڈی بہاؤالدین پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب کی اے کیٹیگری خطرناک اشتہاری کی گرفتاری کیلئے مسلسل فالواپ پر متعلقہ ٹیم کو شاباشی دی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔سائنسی شواہد پر تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے بیرون ملک مفرور دیگر اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور کاوشیں کی جائیں ۔ ایف آئی اے ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شئیرنگ یقینی بنائی جائے۔ ہائی پروفائل کیسز میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کو پابند سلاسل کرواکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
واضح رہے کہ رواں برس بیرون ملک مفرور ہونے والے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 117 ہوگئی۔