اویس کیانی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وطنِ عزیز کے خلاف بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کو ایف سی کے جری جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کو مقابلے کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ کارروائی میں 3 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے بہادر جوانوں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے حملہ روکنے اور دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے پر جوانوں کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے شہید ہونے والے تین ایف سی جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اسے وطنِ عزیز کے خلاف بیرونی پشت پناہی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بیرونی حمایت یافتہ خوارج کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ایف سی اور پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔