دلیپ کمار کی کامیاب ترین فلمیں کونسی!! (سلیم بخاری)

دلیپ کمار کی کامیاب فلمیں
کیپشن: Dilip Kumar
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قسط نمبر 7                                                                                                                                                                                                    دلیپ کمار

 کیوپڈ کا تیر بن کر حسیناؤں کے دل چھلنی کرتا رہا

کوہِ نور 1960ء
شہزادہ دھوندرDevinder( دلیپ کمار) اس سلطنت سے جلاوطنی اختیار کر لیتا ہے جہاں اس کی جان کو خطرہ ہوتاہے جبکہ ایک اور ریاست کی مہارانی چندر مُکھی (میناکماری) شہزادہ دھوندر کے پیار میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ دونوں کی ریاستوں میں یہ سازش ہوتی ہے کہ چندرمُکھی اور دھوندر کا ملاپ نہ ہو پائے۔ ساری فلم محلاتی سازشوں پر مبنی ہے مگر سب سے خوب صورت عنصر اس فلم کی موسیقی ہے جسے دلیپ کی اکثر فلموں کی طرح نوشاد نے اپنی سُریلی دُھنوں سے سجایا ہے۔رفیع، لتا اور آشا کی آوازوں کا جادو بھی سر چڑھ کر بولتا ہے،گانوں کے بول شکیل بدایونی نے لکھے ہیں۔گانوں میں شامل ہیں ”مدھوبن میں رادھیکا ناچے رے“،”دل میں بھی پیار کی شہنائیاں“،”جادوگر قاتل حاضر ہے میرا دل“۔ ”ڈھل چکی شام غم“،دوستاروں کا زمیں پر ہے ملن آج کی رات“ اور ”کوئی پیار کی دیکھے جادوگری گلفام کو مل گئی سبز پری“۔


مغل اعظم 1960ء
امتیاز علی تاج کے لکھے ہوئے ڈرامے”انارکلی“ نے جب مغل اعظم کا روپ دھارا تو لوگوں نے انارکلی کو ایک زندہ کردار تسلیم کر لیا۔ ایسا ہونے کی کئی وجوہات ہیں۔کہیں پرتھوی راج، دلیپ اور مدھوبالا کی لازوال اداکاری ہے تو کہیں فلم کے سیٹ، کہیں کے آصف کی ہدایت کاری ہے تو کہیں نوشاد کی سدابہار کلاسیکل دُھنیں ……کون کون سی خوبی کا ذکرکیاجائے۔اسے پوری فلمی دُنیا کی شاہکار فلم قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ اس فلم کے کچھ گانے رنگین فلمائے گئے تھے مگر2004ء میں پوری فلم کورنگین کرکے دوبارہ ریلیز کیا گیا تو اسے ایک بار پھر تاریخی پذیرائی ملی۔اس کے گانوں میں شامل ہیں ”موہے پنگھٹ پہ نندلال چھیڑ گیو رے“،”پیار کیا تو ڈرنا کیا“،”محبت کی جھوٹی کہانی پہ روئے“،”تیری محفل میں قسمت آزما کر ہم بھی دیکھیں گے“۔اس کے علاوہ اُستاد بڑے غلام علی خان نے جو سُر بکھیرے وہ لاجواب ہیں۔

گنگا جمنا 1961ء
”گنگا جمنا“ بلاشُبہ ایک ایسی فلم تھی جو دلیپ کمار کے دل کے بہت قریب تھی اور اس کی ہدایات بھی خود انہوں نے دی تھیں۔فلم کی کہانی دو بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جن کے نظریات ایک دوسرے سے متصادم ہوتے ہیں۔دلیپ کی اداکاری اس فلم میں اپنے عروج پر ہے۔گنگا کا رول دلیپ اور جمنا کا رول ان کے چھوٹے بھائی ناصر حسین نے کیا جبکہ وجنتی مالا دھنو بنی تھیں۔موسیقار اس فلم کے بھی نوشاد ہی تھے۔اس فلم کے سدابہار گانوں میں شامل ہیں ”نین لڑ گئی رے تو منوا میں کتھک ہوئی“، ”دوہنسوں کا جوڑا بچھڑ گیؤ رے“،”اڑیں جب جب زلفیں تیری“،”ڈھونڈو ڈھونڈو رے ساجنا“ اور”دغا باز تری بتیاں“شامل ہیں۔


رام اور شیام 1967ء
یہ فلم تیلگو فلم رامدو بھمیدو(Ramudu Bheemudu) کا ری میک ہے جس میں دلیپ کمار نے ڈبل رول کیاتھا۔ایک طرف وہ ایک دیہاتی رام کا کردار کرتے ہیں تو دوسری طرف شیام کا جو ایک کامیاب شہری ہے۔اس فلم کے لیڈ رول میں وحیدہ رحمان اور ممتاز کے علاوہ ایورگرین پران بھی شامل تھے۔ موسیقار اس فلم کے بھی نوشاد تھے۔ ان فلموں کے علاوہ دلیپ کی 25 بہترین فلموں میں شنگھرش(Sunghursh) 1968ء، شکتی 1982ء، مشال 1984ء، کرما 1986ء اور سوداگر شامل ہیں۔