ثمرہ فاطمہ: محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف) نے ہڈیارہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جنگلی پرندوں کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر محمد وسیم نے ٹیم کے ہمراہ ہڈیارہ میں چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
ادھر گوجرانوالہ اور ڈی جی خان میں بھی وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ چار ملزمان پر مجموعی طور پر 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مزید کارروائی میں گوجرانوالہ میں سوشل میڈیا پر ہرن رکھنے کے دعوے کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے مادہ اڑیال برآمد کی گئی۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور غیرقانونی شکار کے خاتمے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔