ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 لاہور میں پالتو شیر کے حملے کا ایک اور دلخراش واقعہ، 8 سالہ بچے کا بازو ضائع

 لاہور میں پالتو شیر کے حملے کا ایک اور دلخراش واقعہ، 8 سالہ بچے کا بازو ضائع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:شہر  لاہور کے علاقے سبزہ زار میں پالتو شیر کے حملے کا ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نجی بریڈنگ فارم میں شیر نے 8 سالہ بچے پر حملہ کر کے اس کا بازو بری طرح زخمی کر دیا، جس کے بعد ڈاکٹروں کو بچے کی جان بچانے کے لیے بازو کاٹنا پڑا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سبزہ زار کے 80 فٹ روڈ پر واقع ڈولا بریڈنگ فارم میں پیش آیا، جو عمر اقبال اور علی اقبال کی ملکیت ہے۔ واقعے کا شکار ہونے والا بچہ واجد علی کھیلتے ہوئے شیروں کے پنجرے کے قریب چلا گیا، جہاں نامناسب حفاظتی انتظامات اور مالکان کی غفلت کے باعث شیر نے اس پر حملہ کر دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق فارم مالکان نے واقعہ پولیس سے چھپانے کی کوشش کی اور بچے کو مقامی ہسپتال لے جا کر ڈاکٹر کو بتایا گیا کہ اس کا ہاتھ مشین میں آ گیا ہے۔ تاہم پولیس نے ایس پی اقبال ٹاؤن کی سربراہی میں تفتیش کرتے ہوئے اصل حقائق سامنے لائے۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کے لیے اس کا بازو الگ کر دیا، جس کے بعد متاثرہ بچے کو مزید علاج کے لیے گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم کے مالکان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کاروبار کی خاطر دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنا سنگین جرم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔