ثمرہ فاطمہ: شادمان کے علاقے میں گھریلو جھگڑے پر شوہر کے ہاتھوں 30 سالہ خاتون کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے کے وار کر کے بیوی کو قتل کیا اور بعد ازاں واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
ذرئع کے مطابق مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر اسماعیل کو گرفتار کر لیا جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین کے قتل اور تشدد کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں، خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی اور کیس کی نگرانی جاری رکھی جائے گی، جبکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔