مال روڈ (علی رامے) شہباز شریف دور حکومت کے ایک اور منصوبے کی سنی گئی، پنجاب حکومت نے لاہور کے التوا ء کا شکار ہونے والے 8 سپورٹس کمپلیکس کے تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز جاری کردیئے۔
سابق دور حکومت میں لاہور کے ہر قومی اسمبلی کے حلقے میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس پر 50 فیصد تعمیراتی کام سابق دور حکومت میں مکمل کرلیا گیا تھا، پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت آئی تو انہوں نے لاہور کے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر کام روک دیا، جس سے مذکورہ منصوبوں کی لاگت دوگنا ہوگئی، اب ایل ڈی اے کی درخواست پر پی اینڈ ڈی بورڈ نے اس منصوبے کے لیے ایک ارب 71 کروڑ 56 لاکھ روپے جاری کردیئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق سپورٹس کمپلیکس رکھ شاہدرہ کیلئے 18 کروڑ، شاہدرہ کیلئے 7 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے گئے، سپورٹس کمپلیکس سنگھ پورہ کے لیے 25 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا گیا۔ سپورٹس کمپلیکس ماڈل بازار چائنہ سکیم کے لیے ایک کروڑ 24 لاکھ روپے جاری کیے گئے، سپورٹس کمپلیکس تاج پورہ کیلئے 24 کروڑ سپورٹس کمپلیکس ٹاؤن شپ کیلئے 30 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، سپورٹس کمپلیکس کینال بینک روڈ کے لیے 35 کروڑ اور اسپورٹس کمپلیکس شالیمار کے لیے 28 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔