فاران یامین:فیکٹری ایریا میں معمولی لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ زین زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم طیب نے فائرنگ کرکے زین کو زخمی کیا، جس کے بائیں بازو پر گولی لگی۔ زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازع تھا۔ اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈیفنس فضل رحمان صاقی اور ایس ایچ او فیکٹری ایریا اسد عباس پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
ایس ایچ او فیکٹری ایریا اسد عباس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث نامزد ملزم طیب کو گرفتار کرلیا۔
واقعے کا مقدمہ زخمی نوجوان کے والد محمد زاہد کی مدعیت میں ملزم طیب کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔