ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پنجاب میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنےکاحکم

سورس: city42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ:  نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انسداد منشیات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں منشیات مافیا کیخلاف کارروائی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کی نشاندہی کیلئے مانٹیرنگ شروع ہو چکی ہے، پرائیویٹ تعلیمی ہاسٹلز میں منشیات فروشی روکنے کیلئے کڑی نگرانی کا عمل جاری ہے، عوام فرینڈز آف پولیس ایپ پر منشیات فروشی کی خفیہ اطلاع دے سکتے ہیں۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات مافیا کی سرکوبی کیلئے پولیس بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے، تعلیمی اداروں میں منشیات کے مکروہ دھندے کو روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

  محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے، متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈی نیشن کے ذریعے منشیات مافیا کا قلع قمع یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعلی محسن نقوی نے رائے ونڈ میں منشیات کے عادی افراد سے نشہ چھڑوانے کی ایک سو بستروں پر مشتمل علاج گاہ روشن گھر کا 15 اگست کو افتتاح کیا تھا۔ یہ علاج گاہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور جناح اسپتال کے مشترکہ تعاون سے بنائی گئی تھی۔  آئیڈیا یہ تھا کہ یہاں نشہ چھوڑنے کے خواہشمند افراد کو نشہ چھوڑنے میں مدد کی معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انتظامیہ نے 15 اگست سے ایک روز قبل مختلف علاقوں سے نشے کے عادی 95 افراد کو  لا کرروشن گھر میں رکھا لیکن افتتاح کے روز شام کے وقت نشے کے عادی افراد نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور 40 افراد توڑپھوڑک کرنے کے بعد  علاج گاہ سےفرارہوگئے۔ انتظامیہ نے باقی بچ جانے والے 55 افراد کو مینٹل اسپتال منتقل کر دیا۔ نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹرجاویداکرم کے مطابق نشے کے عادی افراد کا مینٹل اسپتال میں علاج جاری ہے۔روشن گھرانتظامیہ کا کہنا ہے کہ نشے کے عادی افراد 14 دن مینٹل اسپتال میں رہیں گے، ان کی طبیعت بہتر ہونے پر انہیں دوبارہ روشن گھر لایا جائے گا اور 3 ماہ کے اندر ان کی نشے کی عادت ختم کر دی جائے گی۔

نشہ کے عادی افراد کی حالت کو قریب سے دیکھنے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ نے صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لئے انہوں نے پنجاب پولیس کے آئی جی ڈاکٹر  عثمان انور کو خصوصی ہدایات جاری کیں جن کے نتیجہ میں  آج منشیات فروشوں کے خلاف پہلے سے جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔