بسیم افتخار :فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کی حوصلہ افزائی کے لیے تاجرآسان کیو آر گرین پلیٹ کے اجرا کا آغاز کر دیا ہے۔
کراچی میں تاجرآسان پروگرام کے تحت پہلی گرین پلیٹ جاری کی گئی، جبکہ آر ٹی او ٹو کراچی کے چیف کمشنر نے آرام باغ اور گلشن اقبال کے دکانداروں کو گرین پلیٹیں فراہم کیں۔
چیف کمشنر کے ہمراہ فوکل پرسن عبدالوحید شر اور سید مشکور علی نے آرام باغ میں واقع ایک دکان کا دورہ بھی کیا۔
ایف بی آر حکام نے ٹیکس ادا کرنے والے دکانداروں کو قومی خزانے میں حصہ ڈالنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان تاجروں نے ایف بی آر کی اسکیم سے استفادہ کیا ہے، اسی لیے حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں گرین پلیٹ جاری کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرین پلیٹ دکاندار اپنی دکانوں کے باہر آویزاں کریں گے، جبکہ تاجرآسان پروگرام کے تحت کاروباری افراد کو مزید سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
گرین پلیٹ حاصل کرنے والے دکانداروں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایف بی آر کی اسمال شاپ کیپر اسکیم کے تحت ٹیکس فائل کیا ہے اور ایف بی آر حکام خود گرین پلیٹ دینے آئے ہیں، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ ایف بی آر حکام نے مارکیٹ کا دورہ کرکے تاجروں کا خوف دور کیا اور بتایا کہ ٹیکس ادا کرنے والا درحقیقت قومی فریضہ انجام دیتا ہے۔
دکانداروں نے کہا کہ "ایک دکاندار، ایک صفحہ اور ایک فیصد ٹیکس" سے قومی خزانہ مضبوط ہوگا اور ملکی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گرین پلیٹ کے اجرا سے انہیں تحفظ ملا ہے، گرین پلیٹ آویزاں کرنے کے بعد نہ آڈٹ کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی کوئی مشین لگانی پڑے گی، جبکہ کوئی افسر بلاجواز دکان میں داخل نہیں ہوگا۔
دکانداروں کے مطابق گرین پلیٹ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ متعلقہ دکاندار ٹیکس ادا کر رہا ہے۔
ایف بی آر نے یاددہانی کرائی ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔