ویب ڈیسک: معروف ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے اپنے کیریئر کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے، جہاں وہ پہلی بار اردو فلیکس کی ایک نئی پروڈکشن میں بطور میزبان (ہوسٹ) نظر آئیں گی۔
جنت مرزا نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے شیئر کی، جس میں انہوں نے اردو فلیکس کی آفیشل پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اردو فلیکس کی پوسٹ میں کہا گیا انتظار کی گھڑیاں ختم! جنت مرزا ہمارے آنے والے شو میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں۔ تیاری کیجیے ایک یادگار انکشاف کے لیے!۔
مداحوں میں اس اعلان کے بعد خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور حوصلہ افزائی کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔
یاد رہے کہ جنت مرزا اس سے قبل فلم "تیرے باجرے دی راکھی" سے اداکاری میں ڈیبیو کر چکی ہیں، اور اب وہ ہوسٹنگ کے میدان میں بھی قدم رکھ رہی ہیں۔واضح رہے کہ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنت اپنی سالگرہ اور عمر سے متعلق تنازعے پر خبروں میں رہی ہیں۔ انہوں نے خود بتایا کہ وہ 24 سال کی ہو گئی ہیں جبکہ گوگل پر ان کی عمر 28 سال درج ہے، جسے انہوں نے مزاحیہ انداز میں نظر انداز کر دیا۔

اس سے پہلے بھی جنت کئی مواقع پر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی ہیں چاہے وہ ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں ہوں یا حج کے دوران پوسٹ کی گئی ویڈیوز۔حج کے دوران ایک ویڈیو میں خالی جہاز دکھانے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جنت نے وضاحت کی تھی کہ ایسا منظر انہوں نے صرف COVID-19 کے دور میں ہی دیکھا تھا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ جنت مرزا کا یہ نیا شو مداحوں کی توقعات پر پورا اترتا ہے یا نہیں لیکن بلاشبہ ان کی مقبولیت اور کیمرے کے سامنے مہارت اس پروجیکٹ کو خاص بنا سکتی ہے۔
