ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار ایک عظیم مقصد کے لیے متحد ہو رہے ہیں، جہاں لاہور میں ایک شاندار فلڈ ریلیف کنسرٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کنسرٹ علی ظفر فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ملک کے نامور فنکار اپنی آوازوں کا جادو جگائیں گےاور نہ صرف فنڈز جمع کریں گے بلکہ یکجہتی اور انسانیت کا پیغام بھی عام کریں گے۔
اس کنسرٹ میں شامل فنکاروں میں علی ظفر، عائمہ بیگ، گوہر ممتاز، عارف لوہار، دانیال ظفر، علی نور اور نتاشا بیگ شامل ہیں، جو ایک ہی اسٹیج پر، ایک ہی رات، اور ایک ہی مقصد کے لیے پرفارم کریں گے۔تقریب کا نعرہ "All on one stage, one night, one cause" اس اتحاد اور جذبے کو خوبصورتی سے بیان کرتا ہے جس کے تحت یہ ایونٹ منعقد ہو رہا ہے۔
کنسرٹ کے منتظمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ٹکٹ جلدی بک کریں کیونکہ شرکت کے خواہشمند افراد کی تعداد بہت زیادہ متوقع ہے۔ ٹکٹس کی بکنگ Ticket Wala (@ticketwalapk) کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
علی ظفر جو طویل عرصے سے فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اُنہوں نے اس کوشش میں شامل ہونے والے تمام فنکاروں کا شکریہ ادا کیا اور اسے “اتحاد اور ہمدردی کی طاقت” قرار دیا۔
یہ ایونٹ Hum TV اور دیگر ثقافتی شراکت داروں کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ فنڈز جمع کیے جا سکیں۔یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں شدید بارشوں اور سیلابوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور بے روزگار کیا۔ ایسے ایونٹس نہ صرف مالی مدد کا ذریعہ ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور حوصلے کا پیغام بھی دیتے ہیں۔