ورلڈ کپ2023:افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی

ورلڈ کپ2023:افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ افغانستان نے پاکستان کو پہلی بار ورلڈ کپ میں شکست دے دی ۔

 تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر چنئی  میں ہونے والے 22ویں میچ میں  پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل ہی حاصل کر لیا۔

 قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہا ئی خوفناک ثابت ہوا ، پہلے تو افغانی بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو اپنی گھومتی گیندوں کے چکرویو میں جکڑے رکھا اور ٹیم کا ٹوٹل صرف 282 رنز تک ہی محدود رہا ، پھر جب افغانی  کھلاڑیوں نے بلے تھامے تو  پاکستانی گیند بازوں کے ہاتھوں کے  طوطے ہی اُڑ گئے ، ہاتھوں میں آئے کیچ چھوٹتے رہے ، فلڈنگ کے دوران ہاتھوں کے اندر سے باؤنڈریز لگتی رہیں ، اگر کامیابی ملی تو  وہ بھی صرف 2، پہلی اس وقت جب افغانستان 131 رنز بنا چکا تھا اور دوسری 190 رنز پر اس   کے بعد  افغان بلے بازوں نے بنا کسی غلطی کے پاکستان کا دیا ہدف باآسانی حاصل کر لیا ۔

 پاکستان کی بات کی جائے تو پکستان کی جانب سے بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بناکر نمایاں رہے،افغانستان کے خلاف گرین شرٹس کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 56 رنز پر گر گئی جب امام الحق 22 گیندوں پر صرف 17 رنز بنا کرعظمت اللہ عمرزئی کی گیند  پر آؤٹ  ہو گئے ،  اس کے بعد بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ، اس پارٹنر شپ کو   سپنر نور احمد نے توڑا اور عبداللہ شفیق کو 58 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی ۔

 اس کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان زیادہ دیر کریز پر نہ جم سکے اور صرف 8 رنز بنا کر  نور احمد کا شکار ہو گئے ، سعود شکیل نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر پاکستانی سکور کارڈ کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی بیچ منجدار ہی کپتان کو اکیلا چھوڑ گئے اور صرف 25 رنز بنا کر میدان سے باہر آ گئے ۔

 ایسے میں کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری مکمل کی لیکن ٹیم کا بڑا ٹوٹل بنانے کی کوشش میں 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے ، اس کے بعد اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 رنز بناکر آخری اوور کی دوسری گیند پر کیچ پکڑوا بیٹھے اور اسی اوور کی آخری گیند پر شاداب خان بھی 38 گیندوں پر 40 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، یوں پاکستان آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز ہی بنا سکا۔