طاہر جمیل: حکومتِ پنجاب نے شفافیت، بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی سرمائے کے تحفظ کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئےفیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈیٹا انضمام کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ایف بی آر اور لینڈ ریکارڈ کا ڈیٹا جلد مکمل طور پر ایک دوسرے سے منسلک ہو جائے گا، جس کے بعد ٹیکس چالانوں کی فوری اور خودکار تصدیق ممکن بنائی جا سکے گی۔
نئے مربوط نظام کے ذریعے جعلی یا کم مالیت والے ٹیکس چالانوں کے استعمال کی مؤثر روک تھام ہوگی، جبکہ جعلی دستاویزات کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی آسان ہو جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل انضمام کے بعد ریونیو وصولی کے نظام میں شفافیت آئے گی اور بدعنوانی، خرد برد اور جعلسازی کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس اقدام سے سرکاری محکموں میں احتساب اور نگرانی کا نظام بھی مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
اس حوالے سے طارق سبحانی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کرپشن فری اور شفاف نظام کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔