ابراہیم قریشی:شہر میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ سبزہ زار کے متعدد بلاکس میں صبح دس بجے سے بجلی غائب ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید اذیت کا شکار ہیں۔
جی بلاک المعراج چوک کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش اب معمول بن چکی ہے، جبکہ شدید گرمی اور حبس میں بجلی نہ ہونے سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
شہریوں کے مطابق سید پور گرڈ اسٹیشن پر ہو کا عالم ہے اور عملہ بھی غائب ہے۔ مشتعل علاقہ مکینوں نے لیسکو آفس سید پور میں ڈیرے ڈال لیے، تاہم دفتر میں کوئی اہلکار موجود نہ ہونے پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دفتر میں موجود قیمتی سامان بھی بغیر کسی نگرانی کے پڑا ہوا ہے، جبکہ متعدد بار خالی دفتر کی ویڈیوز اعلیٰ افسران کو دکھانے کے باوجود تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔