پنجاب حکومت کا لاہور میں لیبر ٹاور بنانے کا فیصلہ

Punjab Govt Labour Tower
کیپشن: Punjab Govt Labour Tower
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) پنجاب حکومت کا صوبائی دارالحکومت لاہور میں لیبر ٹاور بنانے کا فیصلہ، انڈسٹریل ورکرز کیلئے ہاسٹلز کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشنز اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈز کو سمارٹ آرگنائزیشن بنانے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے ہیں،کامسٹ ڈیفنس لاہور میں محکمہ لیبر کی اراضی پر کیمپس قائم کرے گا، کامسٹ لیبر کیمپس میں 30 فیصد مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے شہر میں لیبر کیلئے 720 فلیٹس کے پراجیکٹ کو بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

اجلاس میں میڈیکل کالج اور نرسنگ سکول کے قیام کے متعلق تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت کی 2 ارب روپے مالیت کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے، حکومت نے اڑھائی سال میں ورکر کی کم ازکم اجرت میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا ہے۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پائیدار اقدامات کئے جائیں-

سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سوشل سکیورٹی کارڈز کیلئے 98 فیصد ادائیگیاں آن لائن کی جا رہی ہیں، میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کردو لاکھ روپے کردی گئی ہے، جبکہ ڈیتھ گرانٹ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کی گئی ہے، فیکٹریز کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن فری سروس فراہم کی جا رہی ہے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کی، ملاقات میں شعبہ زراعت کی ترقی،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت، وزیرانڈسٹریز میاں اسلم اقبال،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب بورڈآف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer