(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، چین نے پاکستان کو 31 مارچ تک مزید کورونا ویکسین تحفتا بھجوانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے خط کے ذریعے چینی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کے اظہار پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا چیلنج کے بعد جس طرح چین نے عالمی برادری بالخصوص پاکستان کی معاونت کی ہے وہ فقیدالمثال ہے، ہم کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستانی شہریوں کو کورونا وبا سے محفوظ بنانے کیلئے ویکسی نیشن کا ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جس کیلئے ہمیں جلد ویکسین کی مزید ڈوزز درکار ہوں گی۔
چینی وزیر خارجہ نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین سے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سو سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں لیکن پاکستان کے ساتھ ہم اپنی مثالی دوستی کو نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز مہیا کریں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس جذبہ خیر سگالی پر چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ چین سے اس سے پہلے بھی پاکستان کو تحفتاکورونا ویکسین دے چکا ہے، چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ یکم فروری 2021 کو آئی تھی، جب کہ دوسری کھیپ 17 مارچ کو آئی جس میں 5 لاکھ کورونا ویکسین تھیں۔