سٹی 42: معروف ٹک ٹاکر امریز بلوچ کا اصل چہرہ بے نقاب، تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کا انکشاف ہوگیا ۔
سی سی ڈی کی منظم ریکی آپریشن کے بعد گینگ کی اہم مہرہ سونیا بی بی گرفتار ہوئی ۔خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش سونیا بی بی سے 1120 گرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد ہوئی ۔ملزمہ سونیا بی بی کے خلاف مقدمہ درج، حاملہ ہونے کے باعث قانونی و طبی پہلوؤں کے تحت جیل منتقل کردیا گیا ۔ دورانِ تفتیش سونیا بی بی کے سنسنی خیز انکشافات میں نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ٹک ٹاکر امریز بلوچ نکلا
امریز بلوچ گینگ تعلیمی اداروں میں طلبہ، طالبات اور خواتین کو آئس جیسی مہلک منشیات سپلائی کرتا تھا، سونیا بی بی کی نشاندہی پر بھکر روڈ پر سی سی ڈی چھاپہ کے دوران ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم وحید ہلاک ہوا۔اس سے قبل اسی نیٹ ورک کا اہم کارندہ باسط شاہ بھی سی سی ڈی کی کارروائی کے دوران انجام کو پہنچ چکا ہے۔گرفتار ملزمہ سونیا بی بی ہرمل پورہ کی رہائشی اور منور عباس ماچھی کی زوجہ ہے۔ملزمہ کا شوہر بے روزگار ہے، شدید مالی مشکلات کے باعث منشیات سپلائی کے دھندے میں آئی، اعترافِ جرم کرلیا ۔
ملزمہ چک 215 سے منشیات خرید کر آگے سپلائی کرتی تھی، اعتراف ایف آئی آر کا حصہ بنا دیا گیا۔ملزمہ پہلے سے ریکارڈ یافتہ نہیں، حاملہ ہونے پر ضابطے کے تحت جیل مینوئل کے مطابق تفتیش جاری ہے ۔ ملزمہ گاہکوں اور ٹک ٹاکر امریز بلوچ سے رابطے کے لیے واٹس ایپ اور سنیپ چیٹ کا استعمال کرتی تھی۔
ملزمہ کا موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک کے لیے بھجوانے کا فیصلہ، آن لائن نیٹ ورک اور سہولت کاروں کا سراغ لگایا جائے گا۔پولیس کی مختلف ٹیمیں روپوش ٹک ٹاکر امریز بلوچ اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔
