ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم

 شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم
کیپشن: Shahbaz Sharif, File Photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی : وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ K-9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کی، کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ شہباز شریف نے اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت  کی۔ 

شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد میں تمام سیکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے ۔