علی رامے:پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے جدید منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے جدید اے آئی ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری اداروں کو جدید کمپیوٹنگ سہولیات اور طاقتور ڈیٹا انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت ڈیٹا سینٹر میں این وی آئی ڈی آئی اے ایچ 200 ٹیکنالوجی سے لیس جدید جی پی یو سرورز نصب کیے جائیں گے، جو بڑے پیمانے پر ڈیٹا محفوظ رکھنے، تیزی سے پراسیس کرنے اور جدید اے آئی ماڈلز چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ سینٹر کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت کے منصوبوں کے لیے طاقتور کمپیوٹنگ وسائل اور محفوظ ڈیٹا انفراسٹرکچر کی فراہمی ہے۔
اے آئی حب کے قیام کے لیے دو کمپنیوں، سی ایم سی اور این ای ٹی ایس، نے بولیاں جمع کرائیں۔ تکنیکی جانچ کے مرحلے میں صرف سی ایم سی کو اہل قرار دیا گیا، جبکہ این ای ٹی ایس لازمی تکنیکی شرائط پوری نہ کرنے کے باعث نااہل قرار پائی۔ کمیٹی نے سی ایم سی کی مالیاتی بولی کھولنے کی سفارش کردی ہے۔
منصوبے میں جدید سرورز، ڈیٹا اسٹوریج، بیک اپ، بجلی کی مسلسل فراہمی اور جدید کولنگ سسٹم سمیت دیگر ضروری سہولیات شامل ہوں گی۔ ڈیٹا سینٹر کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فائر والز اور 100 اینڈ پوائنٹس پر ای ڈی آر سکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔
بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 200 کے وی اے جنریٹر، یو پی ایس اور دیگر پاور بیک اپ سسٹمز بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے، تاکہ اے آئی کمپیوٹنگ اور ڈیٹا پراسیسنگ کا نظام بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
دستاویزات میں منصوبے کی مجموعی مالیت کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم بڈ سکیورٹی کی رقم 6 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ مالیاتی بولی کھولے جانے کے بعد منصوبے کے لیے کامیاب کمپنی کی جانب سے پیش کردہ اصل لاگت سامنے آئے گی۔