پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک انتقال کر گئے

Rehman Malik
کیپشن: Rehman Malik
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما  اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک کورونا کے باعث نجی ہسپتال میں کئی روزسےوینٹی لیٹر پرتھے جو آج خالق حقیقی سے جاملے، انتقال کی اطلاع ان کے بھائی خالد ملک نے دی، انہوں نے بھائی کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار  کیا۔

2008 سے 2013 تک وفاقی وزیر داخلہ رہنے والے سینیٹر رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔رحمان ملک پیپلز پارٹی کے ان چند لوگوں میں شامل تھے جن کا شمار سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں کیا جاتا تھا۔انہوں نے میثاق جمہوریت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

یونیورسٹی آف کراچی نے رحمان ملک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی تھی جبکہ رحمان ملک کو  بہترین کارکردگی پر حکومت پاکستان نے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ، مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری نے رحمان ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے بھی سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔