سٹی42: حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے محلہ شیعاں، موچی گیٹ لاہور میں واقع حسینہ ہال سے مرکزی شبیہ تابوت کا جلوس برآمد کیا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر سے عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جلوس کے دوران فضائل و مصائب اہل بیتؑ پر خطابات اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکزی جلوس سے قبل معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے حضرت امام حسنؑ کے فضائل، سیرت اور واقعہ شہادت پر تفصیلی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسنؑ کی قربانی، صبر اور صلح نے امت مسلمہ کے لیے عظیم مثال قائم کی۔شبیہ تابوت کا جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا رات گئے دوبارہ حسینہ ہال پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس دوران مختلف مقامات پر عزاداروں کی خدمت کے لیے سبیلیں، دودھ و شربت کی تقسیم اور لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے یوم شہادت امام حسنؑ کے موقع پر کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے جلوس کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں بھی یہی کنٹرول روم فعال رہے گا، اور تمام جلوسوں، محافل اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی اسی نظام کے تحت کی جائے گی۔