عثمان خان: قومی احتساب بیورو (نیب) نے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس حوالے سے نیب نے ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض سمیت 4افراد کو 26 اگست کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے خلیل الرحمٰن ، محمد اسحاق اور عامر رشید اعوان کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔نیب نے تمام ملزمان کو 26 اگست صبح 10 بجے نیب راولپنڈی کے دفتر طلب کر لیا ہے۔تمام ملزمان پر بھاری رقوم کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
نیب حکام کے مطابق یہ کارروائی انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت شروع کی گئی ہے، جس میں ملزمان پر بھاری رقوم کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی مالی لین دین کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ ملک ریاض اور ان کے خاندان کے کاروباری معاملات میں مالی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی ذرائع سے آمدنی کے شواہد ملنے پر نیب نے یہ تحقیقات تیز کر دی ہیں۔نیب نے اس کیس میں شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ طلبی کے نوٹسز جاری کرکے متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کی ہے تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔