(جنید ریاض)اساتذہ سے غیرتدریسی کام نہ لیے جانے کا معاملہ، پنجاب ٹیچرز یونین نے 1500 اساتذہ کی ڈیوٹیاں قومی خوشحالی سروے پر سے ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے 1500 اساتذہ کی ڈیوٹیاں قومی خوشحالی سروے پر سے ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن غلام فرید معاملے کا نوٹس لیں۔
انکا کہنا تھا کہ قومی خوشحالی سروے پر ڈیوٹیاں دینے والے اکثر اساتذہ کورونا کا شکار کوچکے ہیں۔رانا لیاقت علی نے مزید کہا کہ غیر تدریسی ڈیوٹیوں کے باعث اساتذہ اچھے نتائج نہیں دے سکتے۔انکا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اساتذہ کی ڈیوٹیاں فی الفور ختم کی جائیں،مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اساتذہ بھرپور احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی اساتذہ صرف بچوں کو پڑھانے کیلئے بھرتی کیے گئے ہیں لہذا اساتذہ سے صرف درس و تدریس کا کام ہی لیا جائے۔
کمپیوٹر ٹیچرز کی غیر ضروری ڈیوٹیاں گندم کٹائی،پولیو اور ڈیٹا انٹری پر لگائی جارہی تھیں۔ اس حوالے سے صدرپیکٹ پنجاب کاشف شہزاد کا بھی کہنا تھا کہ اساتذہ کو غیرتدریسی کاموں میں الجھانے سے رزلٹ خراب آتے ہیں جس پر انکے خلاف انکوائری شروع کردی جاتی ہیں۔