ابوبکرارشد: وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور جماعت اسلامی سے احتجاجی مارچ چند روز کے لیے مؤخر کرنے کی اپیل کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پیر اور منگل کی درمیانی شب ملتان میں موجود حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرچکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن واپس پہنچتے ہی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کریں گے اور عوام کے لیے مزید بہتر ریلیف پیکیج کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کو واضح کیا کہ اعلان کردہ ریلیف پیکیج جماعت اسلامی کو کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ جماعت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
مارچ میں وقفے سے متعلق وزیراعظم کی درخواست پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ جماعت کی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔