ڈولفن اہلکاروں کا نوجوان پر بیہمانہ تشدد

ڈولفن اہلکاروں کا نوجوان پر بیہمانہ تشدد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عابد چوہدری ) گرین ٹاؤن میں ڈولفن اہلکاروں آپے سے باہر ہو گئے، دوران چیکنگ شہری کی جیب سے پیسے نکالے اور واپسی کے مطالبے پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر ڈولفن اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی۔

گرین ٹاؤن کے علاقے باگڑیاں کے رہائشی عامر کے مطابق وہ گھر کے قریب مارکیٹ میں برف کے پھٹے پر بیٹھا تھا، اسی دوران ڈولفن اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے تلاشی لینے کا کہا۔ متاثرہ شہری عامر کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکاروں نے دوران چیکنگ پیسے بھی نکال لئے، پیسوں کا مطالبہ کیا تو ڈولفن اہلکاروں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

ویڈیو میں ڈولفن اہلکاروں کو شہری کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعہ کی خبر نشر ہونے پر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے نوٹس لیتے ہوئے اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ 

ایس پی ڈولفن راشد ہدایت کہتے ہیں کہ واقعہ کی ڈی ایس پی ملک اعجاز انکوائری کر رہے ہیں اور انکوائری مکمل ہونے تک اہلکار کلوز ہیڈ کوارٹر ہی رہیں گے۔

ادھر تھانہ شاہدرہ میں وکیل حافظ ذیشان کی مدعیت میں ڈولفن اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔مقدمہ کےمطابق ڈولفن اہلکاروں نےرات گئے پتنگ بازی کی شکایت پرگھرپرچھاپہ مارا، مگر شہری ذیشان اور اسکے ہمسائیوں کی چھت سے کچھ بھی نہ برآمد ہوا۔

ڈولفن اہلکار وکیل ذیشان سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔شاہدرہ پولیس نے واقعہ کا تین ماہ بعد مقدمہ درج کر لیا مگر پیٹی بھائیوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔