علی ساہی: تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں مبینہ طور پر ڈور پھرنے سے شہری جاں بحق ہو گیا،افسوسناک واقعے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہ جان لیوا سرگرمی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جبکہ والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور شہری 15 پر اطلاع دے کر اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 5,967 ملزمان گرفتار اور 5,784 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں،جبکہ 5 لاکھ 29 ہزار 814 پتنگیں اور 21 ہزار 301 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
لاہور میں 1,654 ملزمان گرفتار، 1,620 مقدمات درج اور 35,420 پتنگیں و 1,753 ڈور چرخیاں برآمد کی جا چکی ہیں۔