سہولت بازار شہر کیلئے ناکافی قرار، تعداد بڑھانے کا فیصلہ

سہولت بازار شہر کیلئے ناکافی قرار، تعداد بڑھانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (راؤ دلشاد) شہر میں عوامی سہولت کے لیے لگائے گئے 31 سہولت بازار ایک کروڑ 11 لاکھ آبادی کے لیے ناکافی قرار، ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازاروں کی تعداد بڑھانے کا عندیہ دیدیا۔

 سرکاری رپورٹ کے مطابق بعض بازاروں میں 40 بعض بازاروں میں صرف 25 سٹالز ہیں سہولت بازاروں کا سائز ماڈل بازاروں سے 90 فیصد چھوٹا قرار دیا گیا، سہولت بازاروں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ہیں۔ سہولت بازاروں کا سائز اور اوقات کا رپر نظر ثانی ہوگی، منافع خوروں کی اجارہ داری توڑنے کے لئے سہولت بازاروں میں آٹا چینی کی سستے داموں فروخت جاری ہے، محکمہ خوراک کی طرف سے 95 ٹرک آٹا اور کین کمشنر کی جانب سے 1500 چینی کے تھیلے بھجوائے جارہے ہیں، 31 سہولت بازاروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے کی بجائے 840 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، چینی ایکس مل ریٹ 95 روپے سے 10 روپے کمی کے ساتھ 85 روپے میں فروخت کی جا رہی۔

رپورٹ کے مطابق سہولت بازار پانچ تحصیلوں کی حدود میں لگائے گئے ہیں، تحصیل شالیمار میں 8، تحصیل رائیونڈ میں 6، تحصیل کینٹ میں 3 ہیں، تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 7 جبکہ تحصیل سٹی میں بھی 7 بازار قائم کئے گئے ہیں، تحصیل سٹی میں سہولت بازار کریم پارک، نہرو پارک، گلشن راوی، نعیم شہید روڈ، بیگم کوٹ، شاہدرہ اور موچی گیٹ میں فعال کیے گئے ہیں۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن میں مکہ کالونی، برکت مارکیٹ، شادمان، غالب مارکیٹ، وحدت روڈ، نشتر اور ٹاؤن شپ میں سہولت بازار قائم کیے گئے، تحصیل کینٹ میں بھٹہ چوک، بیدیاں روڈ اور برکی روڈ پر بازار لگائے گئے ہیں، تحصیل رائیونڈ میں شیر شاہ کالونی، میاں پلازہ، ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، رائیونڈ اور مانگا منڈی شامل ہیں، تحصیل شالیمار میں لال پل، ہربنس پورہ، نقشبندی بازار راجپھ روڈ، سنگھ پورہ، چائینہ سکیم، جلو موڑ اور کوٹ خواجہ سعید ٹوکے والا چوک پر بازار فعال کیے گئے ہیں ۔

علاوہ ازیں ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سہولت بازاروں میں کئے گئے انتظامات اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آٹا اور چینی کی طلب و رسد اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈی سی لاہور نے اشیاء خورونوش کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کردی

اجلاس میں ڈی سی لاہور کو سہولت بازاروں میں دوروں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مدثر ریاض نے مجموعی طور پر سہولت بازاروں میں انتظامات اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے تمام افسروں کو اسی طریقے سے سہولت بازاروں میں سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ ریٹس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، عوام الناس کو بازاروں سے ہرممکن ریلیف فراہم ہونا چاہیے

Sughra Afzal

Content Writer