(ویب ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کی جانب سےپی ٹی آئی لانگ مارچ روکنے کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کے نعیم میر کی جانب سے لانگ مارچ روکنے کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں (پولیس آڈر 2002) کے تحت پولیس کی ذمہ داریاں اور فرائض تحریر کیے گئے۔
جسٹس جواد حسن کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ سڑکوں، گلیوں میں ٹریفک کنٹرول کرنا، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا، عوامی مقامات پر پچوں اور عورتوں کو ہراساں کرنے سے روکنا اور لوگوں کی آئینی خواہشات کے تحت کام کرنا پولیس کا فرض ہے۔
تحریر میں مزید کہا گیا کہ لانگ مارچ کی وجہ سے جی ٹی روڈ اور دیگر شہروں میں اشیا کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، پی ٹی آئی لانگ مارچ سے پریشان ہونے والے درخواست گزار پولیس کو درخواست دے سکتےہیں جسے پولیس آڈر 2002 کے تحت نمٹایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عدالت اپنے پرانے فیصلے میں پہلے ہی سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ہدایت جاری کر چکی ہے۔