راؤ دلشاد: اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے ثاقب چدھڑ پر ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد مریم نواز کا بھی اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اس ذاتی نوعیت کے معاملے کو میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا، جبکہ ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں مکمل غیر جانبداری سے انجام دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد کو عہدے، اثر و رسوخ یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر قانون سے بالاتر تصور نہیں کیا جا سکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا بلیک میل کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان ہر اُس شخص کیلئے واضح تنبیہ ہے جو اس واقعے میں کسی بھی انداز میں ملوث پایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خواتین کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا اور تمام متعلقہ ادارے شفاف تحقیقات یقینی بنائیں گے۔