سٹی 42 : لاہور میں شہادت امام عالی مقام حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے تعزیہ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔
شیر خدا امام عالی مقام حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کی مناسبت سے مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے مرکزی تعزیے کا جلوس برآمد ہونے سے قبل مولانا اسد جوہری نے مجلس عزاء سے خطاب کیا اور فضائل و مصائب بیان کئے۔ جس کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اور مختلف امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا رنگ محل چوک پہنچا ، جہاں عزاداروں کی کثیر تعداد امام عالی مقام کو پرسہ دینے پہنچی، وہیں نماز ظہرین بھی ادا کی گئی ۔
مرکزی تعزیے کے جلوس میں عزادار گریا زری کرتے رہے۔ عزاداروں کے لئے جگہ جگہ پانی دودھ اور شربت کی سبیلیں بھی لگائیں گئیں تھیں اور لنگر بھی تقسیم کیاگیا۔ جلوس اپنے راستوں پر رواں دواں رہا اور رنگ محل سے پانی والا تالاب ترنم چوک سے ہوتا ہوا اندرون بھاٹی گیٹ اور وہاں سے کربلا گامے شاہ جاکر اختتام پزیر ہوا ۔
کمشنر لاہورزید بن مقصود کا بیان
کمشنر لاہورزید بن مقصود ا نے یوم علی ؑکے مرکزی جلوس کےاختتامی مرحلے کا جائزہ لیا، زید بن مقصود نے ضلعی انتظامیہ کے قائم کرہ مرکزی کنٹرول روم سے بھی جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور نے میٹرو سٹیشن کے پل سے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
مبارک حویلی سے برآمد ہونے والایوم علی ؑ کامرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزرتا ہواکربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوگیا۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ پرامن یوم علی مرکزی جلوس کیلئے لاہور انتظامیہ و علماء نے بہترین کردار ادا کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور لاہور پولیس کی جانب سےسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے انتھک محنت کے ساتھ فرائض سے انجام دیئے۔