(علی اکبر) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ تعالی کی طرف سے ایک چھوٹی سی وارننگ ہے، انسان کے بنائے ہوئے ایٹم بم اور میزائل اور بڑی سپر پاورز بھی اس کے سامنے بے بس ہو چکی ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا ہے کہ سب سے ضروری احتیاط اللہ تعالیٰ سے معافی ہے، اللہ تعالیٰ کے عذاب کورونا نے یہ ثابت کر دیا کہ کسی ہتھیار کے بغیر بھی دنیا ختم کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب چیزوں کیساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں، تمام مکاتب فکر کو اس معاملے میں یکجا ہونا چاہیے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اس وقت لوگوں کو آگاہی کی ضرورت ہے، پوری دنیا خاص طور پر مسلمانوں سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ راہ راست پر آجائیں اگر دنیا نے اپنے اعمال ٹھیک نہ کیے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔