درنایاب: پنجاب حکومت کی جانب سے مون سون سیزن سے قبل شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ سے محفوظ بنانے کے لیے واٹر مینجمنٹ منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ کے تحت صوبے کے 15 اضلاع میں 27 میگا واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔
لاہور میں مجموعی طور پر 18 گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس میں سے 13 مکمل ہو کر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 5 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں کی بروقت تکمیل مون سون کے دوران بارشی پانی کے مؤثر انتظام اور شہری علاقوں کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے چوبرجی میں زیر تعمیر انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے انہیں منصوبے کی پیش رفت اور دیگر ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بتایا کہ چوبرجی انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تکمیل سے لاہور کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو مون سون کے دوران درپیش مشکلات سے نجات ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور بارشی پانی کے مؤثر انتظام کے لیے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مون سون سیزن کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔