درنایاب: محکمہ ہاؤسنگ نے مون سون کے دوران شہریوں بالخصوص بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت شہریوں کو بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویژن اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات کے مطابق مون سون سیزن میں شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ والدین اور سرپرستوں کو چاہیے کہ وہ بارش کے دوران اور بعد میں بچوں کو ہر وقت کسی ذمہ دار فرد کی نگرانی میں رکھیں۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بچوں کو کھلے مین ہولز، نالوں، نہروں اور پانی سے بھرے علاقوں سے دور رکھا جائے، کیونکہ ان مقامات پر حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمع شدہ پانی میں بجلی کا کرنٹ لگنے، ڈوبنے اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند لمحوں کی غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے بچوں اور اہلِ خانہ کو محفوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط اختیار کرنا ہی مون سون کے دوران بہترین حفاظت ہے اور شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محفوظ پنجاب کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔