ترکیہ کے قونصل جنرل کی محسن نقوی سے ملاقات، پی سی بی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے : وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ترکیہ کے قونصل جنرل ڈرمس باسٹگ نے آج محسن نقوی سے ملاقات کی۔  
ترکیہ کے قونصل جنرل نے محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی، ترکیہ کے قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی عوامی خدمات کوزبردست الفاظ میں سراہا، کہا کہ آپ نے انتہائی تیزی سے بے شمار منصوبے کامیابی سے مکمل کئے او ردن رات کام کر کے دکھایا۔  جب بھی ٹی وی دیکھیں آپ کبھی ہسپتال کادورہ کررہے ہوتے ہیں، کبھی کسی عوامی منصوبے کا۔ آپ انتہائی متحرک اور فعال وزیراعلیٰ ہیں، آپ نے اپنے ویژن کے ذریعے عوام کی فلاح کے لئے دن دیکھا نہ رات۔ آپ نے اپنے کام سے لوگوں کے دل جیتے ہیں اور انتہائی محنت،لگن، جذبے اور ویژن کے ساتھ ڈلیور کیا ہے۔ آپ کی لیڈر شپ میں پنجاب خصوصاً لاہور کا نقشہ تبدیل ہواہے۔

ترکیہ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ آپ کرکٹ کے میدان میں بھی کامیابیاں اور کامرانیاں سمیٹیں گے۔ دعا ہے کہ آپ نئی ذمہ داری اسی تندہی سے سرانجام دیں اور اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت عطا فرمائے۔ 
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ترکیہ کے قونصل جنرل کو پی ایس ایل کے میچ دیکھنے کی دعوت دی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان او رترکیہ محبت، اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے عوام ترکیہ کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ترکیہ نے ہر مشکل وقت پاکستان کا پورا ساتھ دیاہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تا قیامت قائم رہیں گے۔ 
واضح رہے کہ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میراور اظفر علی ناصر اس موقع پر موجود تھے۔