حکومت کا سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیلئے پلان تشکیل 

حکومت کا سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیلئے پلان تشکیل 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قذافی بٹ: وفاق اور پنجاب کی امیدواروں کی کامیابی کیلئے جوڑ توڑ شروع، گورنر کو وفاق اور وزیراعلیٰ کو پنجاب میں کامیابی کیلئے کوششوں کی ہدایت دے دی گئی۔

سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیلئے وزیراعظم نے ’’مشن‘‘ پنجاب کے دو بڑوں میں تقسیم کردیا۔ گورنرپنجاب چودھری محمد سرور کو عبدالحفیظ شیخ کی کامیابی کا ٹاسک دے دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار کو پنجاب میں رابطوں کا ہدف ملا ہے۔ گورنر پنجاب جوڑ توڑ کیلئے اسلام آباد جائیں گے۔ گورنر وہاں پی ٹی آئی اراکین کیساتھ روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کریں گے اور اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔

اراکین اپنے اپنے حلقوں میں کام نہ ہونے پر عبدالحفیظ شیخ کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔ چودھری محمد سرور شمالی پنجاب کےایم این ایز کوعشائیہ دینگے جبکہ 23 فروری کو جنوبی پنجاب کے ایم این ایز کو عشائیہ دیا جائے گا۔ دوسری طرف پنجاب کی ذمہ داری وزیراعلی کے سپرد کی گئی ہے۔سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اجلاس آج ہوگا۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارسے تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے سینیٹ امیدوار آج ملاقات کریں گے۔ وزیراعلیٰ سے اعجاز احمد چودھری، عون عباس، بیرسٹر علی ظفر، ڈاکٹر زرقا تیمور اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا مشاورت کریں گے۔ سیف اللہ خان نیازی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت اورچیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔