(ناصر علی) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے لئے جاتی امراء رائیونڈ سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد نواز شریف کی آج نیب میں پہلی پیشی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف لاہور ائیر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ سپریم کورٹ سے پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد نواز شریف کی آج احتساب عدالت میں پہلی پیشی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سابق صدر نواز شریف پنجاب ہاؤس جائیں گے۔ پنجاب ہاؤس میں پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو گا، پارٹی کے سینئر رہنما اور آئینی و قانونی امور کے ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے اور پارٹی کے نئے صدر یا قائم مقام صدر کے لئے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔