"حکومت نے خواتین کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدمات کیے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ پرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کومضبوط اور باوقار بنانے کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے۔

 ورکنگ ویمن کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے، دین اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین با صلاحیت اورمحنتی ہیں جنہوں نے تعلیم، صحت، کھیل اوردیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور پاکستان کے انتظامی اور دفاعی اداروں میں بھی خواتین کا بھرپورکردار قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے، پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں، ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ ویمن ڈے منانے کا مقصد قومی ترقی میں کردار ادا کرنیوالی خواتین کی خدمات کا اعتراف ہے اور ہمیں حقوق نسواں کیلئے اپنی مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کا عہد کرنا ہوگا، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ عملی میدان میں اپنا کردار ادا کرنے والی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer