گیس بحران سے کئی پاور ہاؤس بند، بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع

گیس بحران سے کئی پاور ہاؤس بند، بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سٹی  42) ملک بھر میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع، گیس کمپنیوں کو 2 ارب کیوبک فٹ گیس کے شارٹ فال کا سامنا، پنجاب بھر میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند کر دی گئی۔

گیس کی عدم دستیابی اور دریاﺅں میں پانی کی کمی کے باعث تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے 11 یونٹ بند ہوگئے، تربیلا ڈیم سے صرف 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے بھی بجلی کی پیداوار بند ہوگئی، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ تک ہے، سسٹم کو 3 ہزار میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، کھاد فیکٹریوں اور عام صنعتوں کےلئے بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی، ملک بھر میں جاری شدید سردی کی لہر کے باعث گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کے استعمال میں اضافے کے پیش نظر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے جنرل انڈسٹری اور سی این جی گیس سٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ زیرو ریٹڈ انڈسٹری کو گیس سپلائی جاری رہے گی۔

رواں برس موسم سرما کی جلد آمد اور شدید لہر کے باعث گھریلو شعبے میں گیس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جانب سے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کے لئے جنرل انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا، ادارے کی جانب سے صارفین کو بلاتعطل گیس سپلائی کے لیے درآمدی گیس مقامی گیس کے نرخوں پر فراہم کی جارہی ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال صارفین کو 12 فیصد زائد گیس فراہم کی جارہی ہے، صورتحال معمول پر آتے ہی متاثرہ سیکٹرز کو گیس سپلائی بحال کردی جائے گی، گیس کی طلب و رسد اورسردی کی اچانک اور شدید لہر کے باعث ہونے والے اضافے سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں

Sughra Afzal

Content Writer