عیسیٰ ترین: ایف آئی اے بلوچستان زون نے کیسکو کے سابق سی ای او یوسف شاہ خان اور چیف انٹرنل آڈیٹر محمد احمد بلال کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ کے مطابق دونوں افسران پر دوہری ملازمت، جعلسازی، دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں ایف آئی آر میں محمد احمد بلال پر بیوٹمز میں ملازمت کے دوران کیسکو میں ملازمت حاصل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم نے کیسکو کو جمع کرائے گئے بائیو ڈیٹا میں سابق ملازمت سے متعلق مبینہ غلط بیانی کی۔
ایف آئی اے کے مطابق محمد احمد بلال پر مبینہ طور پر دونوں اداروں سے مراعات حاصل کرنے کا بھی الزام ہے، جبکہ سابق سی ای او یوسف شاہ خان مبینہ دوہری ملازمت سے آگاہ تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق کارروائی کے بجائے محمد احمد بلال کے کنٹریکٹ میں توسیع کی گئی۔ بورڈ اور ایچ آر کی سفارشات نظرانداز کرکے مئی 2025 میں کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی گئی جبکہ جون 2026 میں محمد احمد بلال کے کنٹریکٹ میں مزید 6 ماہ کی مبینہ توسیع کی گئی، جبکہ اندرونی انکوائری شروع ہونے کے بعد کارروائی مبینہ طور پر قبل از وقت ختم کرائی گئی۔
دونوں ملزمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور مزید شواہد سامنے آنے پر کارروائی کا دائرہ بڑھایا جاسکتا ہے۔