ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیلاب متاثرین کی مالی مدد اور تباہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی، وزیراعظم کا بڑا حکم

سیلاب متاثرین کی مالی مدد اور تباہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی، وزیراعظم کا بڑا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی معاونت اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے۔ مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔

شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور تمام متاثرہ علاقوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت کی۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے اور مزید امدادی سامان کی ترسیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق ملک اور اویس لغاری سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔