سٹی42: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پاکستان پوسٹ آفس کے درمیان گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن فائلز، اسمارٹ کارڈز اور نمبر پلیٹس کی ڈلیوری کے معاہدے میں بڑے مالیاتی اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ ایکسائز حکام کے مطابق پوسٹ آفس کے ساتھ گزشتہ تین سالہ کنٹریکٹ فروری 2025 میں ختم ہو چکا ہے، جس میں عارضی طور پر 5 ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔ اب نئے کنٹریکٹ کے لیے پوسٹ آفس نے جو ڈلیوری چارجز مانگے ہیں، وہ سابقہ نرخوں کے مقابلے میں 400 فیصد سے بھی زائد ہیں۔
پوسٹ آفس کے نئے مجوزہ ریٹس میں فائل کی ڈلیوری 165 روپے (پہلے 43 روپے)، نمبر پلیٹس کی ڈلیوری 145 روپے (پہلے 34 روپے)، اسمارٹ کارڈ کی ڈلیوری 95 روپے (پہلے 27 روپے) ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق نئے معاہدے کے لیے پوسٹ آفس سے سرکاری سطح پر (گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ) ریٹس مانگے گئے تھے مگر حیران کن طور پر پوسٹ آفس نے نجی کوریئر کمپنیوں سے بھی زیادہ ریٹس پیش کر دیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں کے مابین جلد ایک اہم اجلاس متوقع ہے جس میں پوسٹ آفس کی جانب سے دیے گئے نرخوں پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد اگلے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔