ویب ڈیسک :عرب نیو زی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بڑے پیمانے پر تیل کے ڈبوں میں چھپا کر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
خلیجی رپورٹ کے مطابق ابوظہبی حکام نے 377 کلوگرام کرسٹل میتھ رکھنے والے 3 افراد کے گروہ کا پردہ فاش کیا، مذکورہ حوالے سے حکام نے اعلان کیا کہ3 ایشیائی باشندوں کو اس وقت پکڑا گیا جب حکام نے سلائی مشینوں کے لیے بنائے گئے تیل کے ڈبوں میں منشیات چھپانے والے گروہ کا سراغ لگا لیا۔
انتظامیہ نے بتایاکہ مذکورہ کارروائی ابوظہبی پولیس اور نیشنل ڈرگ کنٹرول سروس کی مشترکہ کوشش تھی، ملزمان کو زیر حراست کرنے کے بعد متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا جبکہ دوسری طرف پولیس نے کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ اس سے انسانی صحت اور حفاظت پر پڑنے والے منفی اثرات تباہ کن ہیں، عوام پر زور دیا کہ ایسے معاملات کی اطلاع فوری طور پر سیکورٹی ایجنسی کو دیں۔