ایم وقار:بے مثل اوروراسٹائل فنکارمعین اخترکومداحوں سے بچھڑے 15برس بیت گئے اُنہیں انگریزی ،بنگالی ،سندھی ،پنجابی ،میمن ،پشتو، گجراتی اور اردو زبان میں پرفارم کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔
معین اختر 2 2 اپریل 2011ء کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے لیکن مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں ۔
24 دسمبر 1950ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے معین اختر کے والدین تقسیم کے وقت ممبئی سے کراچی منتقل ہوئے تھے،انہوں نے زندگی کی پہلی پرفارمنس ولیم شیکسپیئر کے ناول ’’دی مرچنٹ آف وینس‘‘سے ماخوذ اسٹیج ڈرامے میں صرف13 برس کی عمر میں دی تھی، 1966ء میں پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر باقاعدہ فنی سفرکاآغازکیااورپی ٹی وی کے ایک ورائٹی شومیں پرفارم کیا۔
معین اخترنے فلم ،ٹی وی اوراسٹیج ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا،ان کے معروف ٹی وی ڈراموں میں روزی، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، آنگن ٹیڑھا، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، یس سر نو سر اورعید ٹرین شامل ہیں۔’’روزی‘‘کا کردارادا کرنے پربین الاقوامی شہرت ملی اوریہ کردارشاید کبھی نہ بھلایا جاسکے جس میں میں انہوں نے ایک خاتون ٹی وی آرٹسٹ کا کردار ادا کیا تھا،یہ ڈرامہ ہالی وُڈ فلم’’ٹوٹسی‘‘ سے متاثر ہو کر بنایا گیا تھا۔
معین اخترکوبجاطورپر فن کی اکیڈمی کہا جاتا تھا،ان کے طنز ومزاح سے بھرپور جملوں نے تہذیب کا ایک نیا پہلو متعارف کروایا،انہوں نے ایک نجی چینل کے لئے طنز ومزاح سے بھرپور ٹی وی شو کی 400 اقساط ریکارڈکرواکربھی ایک ریکارڈقائم کیاتھا۔
معین اخترنے اداکاری اورکمپیئرنگ کے علاوہ ڈرامہ نگاری ،گلوکاری،فلمسازی اورہدایتکاری کے میدان میں بھی خودکومنوایا،ان کی فلموں میں’’کالے چور‘‘ اور ’’راز‘‘جیسی فلمیں شامل ہیں،انہوں نے انور مقصود اوربشریٰ انصاری کے ساتھ بے شمارٹی وی شوزکئے، انہیں انگریزی ،بنگالی ،سندھی ،پنجابی ،میمن ،پشتو ، گجراتی اور اردو زبان میں پرفارم کرنے کا اعزازبھی حاصل تھا،انہوں نے کئی مشہور لوگوں کے انٹرویوز بھی کیے تھے جن میں پاکستان کے علاوہ بھارت کی معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔
انہیں مختلف اداکاروں کی نقالی میں بھی ملکہ حاصل تھا، 1966ء میں انہوں نے ہالی وُڈ کے مشہور اداکار انتھونی کوئن کی نقل اتاری اور پھر سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی تقریریں انہیں کے انداز میں سنائی تھیں،انہیں ان کی طویل فنی خدمات کے اعتراف میں تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے علاوہ کئی اور ایوارڈزسے بھی نوازاگیاتھا۔