سٹی42: صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل منشاء اللہ بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں منعقد ہوا، جس میں مریم نواز راشن کارڈ اسکیم کے تحت راشن کی تقسیم کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں رجسٹرڈ ورکرز اور ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے راشن کارڈز کی تقسیم میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، وائس کمشنر پیسی توقیر الیاس چیمہ کے علاوہ بینک آف پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔شرکاء نے صوبائی وزیر کو راشن کارڈز کی تقسیم کی موجودہ رفتار اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ نے ہدایت کی کہ راشن کارڈز کی تقسیم کے عمل میں واضح تیزی لائی جائے۔انہوں نے خاص طور پر زور دیا کہ اگلے ایک ماہ میں راشن کارڈز کی ترسیل میں نمایاں بہتری نظر آنی چاہیے۔بینک آف پنجاب کو کارڈز کی پرنٹنگ کا عمل فوری تیز کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ تاخیر کا ازالہ ہو سکے۔
اجلاس میں لاہور کے 10 ہزار غریب گھرانوں کے لیے شروع کیے گئے پائلٹ پراجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی۔یہ منصوبہ راشن کارڈ اسکیم کے عملی نفاذ کی ابتدائی آزمائش کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کی کامیابی کے بعد اسے صوبہ بھر میں وسعت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے مستحق مزدور ہر ماہ 3 ہزار روپے تک راشن حاصل کر سکیں گے۔ آنے والے سالوں میں اس رقم کو مزید بڑھایا جائے گا، وزیر اعلٰی پنجاب کا عزم ہے کہ محنت کش طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔