اپوزیشن جماعتیں منفی سیاست سے توبہ کرلیں: عثمان بزدار

اپوزیشن جماعتیں منفی سیاست سے توبہ کرلیں: عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کا بلاامتیاز احتساب جاری رہے گا، اپوزیشن رہنما لوٹ مار کے ذریعے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم کے دوست نہیں دشمن ہیں، ملک دشمن بیانیہ نام نہاد لیڈروں کے ذہنی افلاس کا واضح ثبوت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ملکی مفادات کے خلاف ہر عمل اور ہر بیان قابل مذمت ہے، ملک میں افراتفری پھیلانا سیاست نہیں، سیاست نیک جذبے اور عوام کی خدمت کا نام ہے، عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا، وہ جانتے ہیں کون سچا ہے اور کون جھوٹا 11 جماعتوں کا غیر فطری اتحاد اکیلے عمران خان جیسے ایماندارلیڈر کے سامنے بے وقعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا پرسیاست چمکانے کی کوشش کی اوراب اپوزیشن کی جانب سے اداروں کے خلاف بیان بازی قابل مذمت ہے، عوام اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔قوم نے اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ یکسر مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو منفی سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انسداد کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کرنے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کچھ عرصہ قبل کورونا مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی، اکتوبر کے پہلے 20 روز میں کورونا کیسوں کی تعداد اور مریضوں کی اموات بڑھی ہیں۔

شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کریں کیونکہ کورونا کی دوسری لہرسے بچنے کیلئے شہریوں کاپہلے کی طرح تعاون ضروری ہے،احتیاطی تدابیر پر تسلسل کے ساتھ عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے اور شہریوں کو بھی اپنی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنے چاہئیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ گنے کی کم ازکم امدادی قیمت 200 روپے رکھنے کا مقصد کا شتکار کے مفادات کا تحفظ ہے، جنوبی پنجاب میں 10 نومبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کر دیا جائے گا، پنجاب کے دیگر اضلاع میں 15نومبر سے کرشنگ سیزن شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکار کو 99 فیصد ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں اور کروڑ وں روپے بااثر شوگرمل مالکان سے کاشتکاروں کو واپس دلائے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer