(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب سفر شروع ہو چکا ہے، قوم کی توقعات کو پوری کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق ادوار میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا، صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں، لوٹ مار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد عامر نواز خان، راجہ صغیر احمد، امجد محمود چودھری، محمد لطاسب ستی، چودھری ساجد محمود، جاوید کوثر، محمد عاطف، محمد سبطین رضا، شہاب الدین خان، سردار محمد اویس دریشک، محترمہ ام البنین علی اور سیدہ فرح عظمیٰ شامل تھیں