عرفان ملک: پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے ہمسایہ ملک سے زیادہ پانی آنے کے ممکنہ خدشے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں واٹر ریسکیو ٹیموں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو فلڈ مانیٹرنگ اور فیلڈ سرویلنس مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر دریائے چناب کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، جبکہ حساس مقامات پر ریسکیو اہلکاروں، کشتیوں اور ضروری سامان کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔