شاہد سپرا: لیسکو کو عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور کفایت شعاری مہم کے باعث ریکوری اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ رواں ماہ صارفین کی جانب سے بجلی بلوں کی ادائیگی کی شرح کم ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے عیدالاضحیٰ سے قبل کرنٹ بلز کی وصولی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹیموں نے بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کے تقریباً 70 فیصد صارفین کے بلوں کی مقررہ تاریخ 21 سے 31 مئی کے درمیان ہے، جبکہ انہی دنوں میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور کفایت شعاری مہم کے تحت دفاتر کی بندش صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق منگل سے جمعرات تک عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں منظور کی گئی ہیں، جبکہ جمعہ کے روز کفایت شعاری مہم کے تحت دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لیسکو حکام نے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین سے بلوں کی بروقت وصولی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران اور ٹیموں کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ مالی اہداف متاثر نہ ہوں۔